ایک صاحب نے پوچھا کہ ریلے کی مدد سے کس طرح لوڈ کو ایک بٹن دبا کر آن اور دوسرا بٹن دبا کر آف کیا جا سکتا ہے؟ یہ کام عموما کانٹیکٹر کے اضافی کنکشن کی مدد سے کیا جاتا ہے تاہم اس کی عدم موجودگی میں ریلے سے بھی یہ کام کر سکتے ہیں۔ انڈسٹری میں عموما ایک چھوٹا سبز بٹن دبانے سے مشین چل پڑتی ہے اور نسبتا بڑا سرخ بٹن دبانے سے رک جاتی ہے۔ دو سوئچ لگانے کا مقصد حادثات سے بچاؤ ہوتا ہے کیونکہ پش کرنا بٹن کی حالت تبدیل کرنے سے آسان ہے۔ اس میں تسلی ہوتی ہے کہ سرخ بٹن دب گیا تو مشین بند ہی ہو گی۔ اس میں ہمیں ایک ڈبل پول ڈبل تھرو ریلے چاہئیے ہو گا ( عام دستیاب سنگل پول ڈبل تھرو ریلے سے بھی یہ کام کیا جا سکتا ہے) ۔ اس کے علاوہ دو پش بٹنوں کی ضرورت ہو گي۔ مکمل سرکٹ پوسٹ کے آخر میں دیا گیا ہے۔
آن کرنے والا بٹن ہے۔ اسے نارملی اوپن بٹن کہا جاتا ہے، یعنی عام حالت میں اس کے اندر سے بجلی نہیں گزرتی۔ جب آپ اسے دباتے ہیں تو بجلی کا راستہ مکمل ہو جاتا ہے اور ریلے کی کوائل کو بجلی مل جاتی ہے۔ ریلے آن ہو جاتا ہے۔
آف کرنے والا بٹن ہے۔ اسے نارملی کلوز بٹن کہا جاتا ہے، یعنی عام حالت میں اس کے اندر سے بجلی گزرتی رہتی ہے۔ جب آپ اسے دباتے ہیں تو بجلی کا راستہ ٹوٹ جاتا ہے اور ریلے بند ہو جاتا ہے۔
جب آپ آن والا بٹن دباتے ہیں تو ریلے کی کوائل کو بجلی ملتی ہے اور ریلے آن ہو جاتا ہے۔ ریلے کے اندر موجود کامن پوائینٹ 4 اور 9 لیمپ کو مین سپلائی کی نیوٹرل اور لائیو سے جوڑ دیتے ہیں اور یہ آن ہو جاتا ہے۔ ریلے کا پوائنٹ 8 دونوں سوئچوں کے درمیان جوڑا گیا ہے۔ اس طرح ریلے کوائل کو پہلی دفعہ آن ہونے کے بعد سے اس پوائینٹ سے پاور ملنا شروع ہو جاتی ہے اور سوئچ 2 کو چھوڑ بھی دیا جائے تو ریلے کی کوائل عمل میں رہتی ہے اور لیمپ کو آن رکھتی ہے۔ اس عمل کو سیلف ہولڈنگ یا لیچنگ کہا جاتا ہے۔ یعنی
Latching Relay Circuit
یا
Self Holding Relay Circuit
ایسا ریلے سرکٹ جو ایک مرتبہ چلنے کے بعد اپنے ہی رابطے کے ذریعے خود کو چلتا رکھتا ہے اور آف بٹن دبانے پر خود کو بند کر لیتا ہے۔
جب لیمپ بند کرنا ہو تو صرف آف والا بٹن دبائیں۔ اس بٹن کو دبانے سے ریلے کی کوائل کو جانے والی بجلی کا راستہ ٹوٹ جاتا ہے۔ ریلے بند ہو جاتا ہے، اس کے رابطے واپس اپنی اصل حالت میں آ جاتے ہیں اور لیمپ بھی بند ہو جاتا ہے۔ دوبارہ لیمپ چلانے کے لیے پھر سے آن والا بٹن ایک مرتبہ دبانا ہوگا۔
تصویر میں دو سو چالیس وولٹ مین سپلائی استعمال کی گئ ہے۔ ایسی وولٹیج خطرناک ہوتی ہے اور غلط کنکشن کی صورت میں شدید برقی جھٹکا، آگ یا جان کا نقصان ہو سکتا ہے۔ اگر آپ کو گھریلو بجلی کے کنکشن کا تجربہ نہیں تو یہ سرکٹ خود نہ بنائیں اور کسی ماہر الیکٹریشن سے کنکشن کروائیں۔ استعمال کردہ ریلے کوائل 240 وولٹ کی ہونی چاہئيے۔ اگر ریلے کی کوائل بارہ وولٹ کی ہے تو اسے براہ راست دو سو چالیس وولٹ سے ہرگز نہ ملائیں۔ لوڈ ریلے کے کنٹیکٹ کی ایمپئیر کیپیسٹ کی مطابق ہی لگائیں۔ زیادہ واٹیج کے پمپ وغیرہ کے لیے کنٹیکٹر کا استعمال کریں۔